ڈی جی آئی ایس پی آر کا کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ، طلبا کا افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین
پلندری / ویب ڈیسک: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبا، اساتذہ اور کالج انتظامیہ سے خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر وطن سے محبت، قومی دفاع اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال جیسے اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔
طلبا اور اساتذہ نے معرکہ حق میں بھارت کو ذلت آمیز شکست دینے پر افواج پاکستان کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور وطن کے دفاع میں فوج کے کردار کو سراہا۔
عزم اور حوصلے کا اظہار
کالج کے پرنسپل نے اس موقع پر کہا کہ:
"ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو اور ان کا جذبہ ہمارے حوصلوں کو مزید تقویت دیتا ہے۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ سوشل میڈیا پر آنے والی ہر خبر کو بغیر تحقیق کے آگے نہ بڑھائے، بطور ذمہ دار شہری حقیقت تک پہنچنا ضروری ہے۔”
کشمیریوں کا واضح پیغام
شرکاء نے اس موقع پر واضح پیغام دیتے ہوئے کہا:
"اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی، تو اسے ایک بار پھر عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیریوں کا پختہ یقین ہے کہ پاکستان اور کشمیر کو کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔”
شرکاء نے قائداعظم محمد علی جناح کے تاریخی فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ:
"کشمیر پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔”
شہید کیڈٹ کی قربانی کو خراج عقیدت
نشست میں کیڈٹ کالج پلندری کے پہلے شہید میجر رب نواز طارق کو بھی زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاء نے ان کی قربانی کو کالج اور قوم کا فخر قرار دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا پیغام
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دفاع وطن میں نوجوانوں کے کردار، پاک فوج کی قربانیوں، اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ:
"پاکستان کی نوجوان نسل ہمارا سرمایہ ہے، اور ان کا جذبہ ہی وطن کی اصل طاقت ہے۔”






