برطانیہ آج فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے گا، برطانوی وزیر اعظم کا اعلان
لندن: برطانیہ نے ایک تاریخی فیصلے کے تحت آج فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ نے اپنی پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانوی حکومت نے اعلان کیا کہ دوپہر تک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا باضابطہ عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
یورپی ممالک میں نئی لہر، پرتگال بھی فلسطین کے ساتھ
اسی سلسلے میں پرتگال نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پرتگالی حکومت نے جولائی میں ہی اس بات کا عندیہ دے دیا تھا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران اور اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں وہ جلد یہ قدم اٹھائے گی۔ پرتگال کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی زمین کو ضم کرنے کی مسلسل دھمکیاں خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
کینیڈا اور فرانس بھی تیاریوں میں مصروف
دوسری جانب، کینیڈا اور فرانس سمیت دیگر مغربی ممالک بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ ممالک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی قرارداد کی حمایت کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
اسرائیلی مظالم اور نسل کشی کی گونج
مغربی دنیا کی یہ پالیسی تبدیلی ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب اسرائیل کی جانب سے غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کو عالمی سطح پر "نسل کشی” سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ ہزاروں فلسطینی شہید، زخمی اور بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ غزہ کی پٹی مکمل انسانی بحران کا شکار ہے۔






