لاہور: راوی روڈ پر واقع ایک دکان میں سلنڈر پھٹنے سے خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب دکان میں سلنڈر کا استعمال جاری تھا۔ دھماکے کے فوراً بعد آگ تیزی سے پھیل گئی جس میں قریبی افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کیا۔
زخمیوں کو شدید جھلسنے کے باعث طبی امداد دی جا رہی ہے، جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے فوری کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو علاقے کی سوئپ چیکنگ کا حکم دیا اور غیر قانونی ایل پی جی پوائنٹس کو بند کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے پولیس کو ہائی الرٹ رہنے اور شہر بھر میں نگرانی سخت کرنے کی ہدایت بھی دی تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔





