سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ خوش آئند، اس پر سیاست نہ کی جائے: اسد قیصر
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کرتی ہے، اور اس اہم ریاستی معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
اپنے بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ حرمین شریفین ہمارے عقیدے، ایمان اور عوامی جذبات سے جُڑے ہوئے ہیں، اور پاکستانی عوام ان کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ ریاستِ پاکستان کا ریاستِ سعودی عرب کے ساتھ معاہدہ ہے، جسے مکمل سنجیدگی اور احترام سے دیکھنا چاہیے۔
مریم نواز کے بیان پر ردعمل
اسد قیصر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس بیان پر بھی تنقید کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ "عمران خان کا دور ختم ہو گیا ہے”۔ اسد قیصر نے اسے "غرور اور تکبر” قرار دیتے ہوئے چیلنج دیا کہ اگر مریم نواز اپنے دعوؤں میں سچی ہیں تو صاف اور شفاف الیکشن کروا کر صرف 10 نشستیں جیت کر دکھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "عوام کے پاس جائیں، مینڈیٹ لیں، سب کچھ واضح ہو جائے گا۔”
"ووٹ کو عزت دو” بیانیہ جھوٹا نکلا
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے جو "ووٹ کو عزت دو” کا بیانیہ دیا تھا وہ محض ایک نعرہ تھا، جو آج سب کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ اسد قیصر کے مطابق موجودہ حکومت "ووٹ چوری کر کے” بنائی گئی ہے، اور عوام اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں۔
لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں تمام جماعتوں کو برابر کا سیاسی میدان دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی جماعتیں ایک طرف ہو جائیں، ہمیں صرف لیول پلیئنگ فیلڈ دے دی جائے، پھر دیکھیں عوام کس کا ساتھ دیتے ہیں۔”






