کسی گروہ کو جہاد کا اعلان کرنے کا حق نہیں، شوق ہے تو فوج میں شامل ہوں: حافظ طاہر اشرفی
لاہور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کسی فرد، گروہ یا جتھے کو جہاد کا اعلان کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں، اگر کسی کو جہاد کا شوق ہے تو وہ پاک فوج میں شامل ہو کر عملی میدان میں خدمات انجام دے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ مذہبی رواداری کے فروغ اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو غیر مسلموں کے جان و مال کے تحفظ کو بھی بنیادی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو اپنی خاص رحمت سے نوازا ہے، اور ہمیں بھارت جیسے کئی گنا بڑی قوت پر دفاعی برتری حاصل ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدہ اس خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، اور حرمین شریفین کی حفاظت ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔
حافظ اشرفی نے زور دے کر کہا کہ آج کے دور میں ’جہاد‘ کا مفہوم توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، حالانکہ شریعت میں جہاد کا اعلان صرف ریاست اور بااختیار ادارے ہی کر سکتے ہیں۔ کسی گروہ یا فرد کو اس کا اختیار نہیں۔
اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو کسی صورت ہراساں نہیں کیا جا سکتا، اور نہ ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جائے گی۔ پاکستان میں اقلیتوں کو وہی حقوق حاصل ہیں جو مسلمانوں کو حاصل ہیں۔
آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیغامِ پاکستان جیسے قومی بیانیے کو عملی شکل دینا وقت کی ضرورت ہے، تاکہ ملک میں امن، استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔






