لندن میں "ٹوگیدر فار فلسطین” کنسرٹ، بینڈکٹ کمبربیچ نے محمود درویش کی نظم پڑھ کر حاضرین کو اشکبار کر دیا
لندن (نیوز ڈیسک) — لندن کے تاریخی ویمبلے ایرینا میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم فنڈریزنگ کنسرٹ "ٹوگیدر فار فلسطین” منعقد ہوا، جس میں عالمی شہرت یافتہ فنکاروں، مقررین اور انسانی حقوق کے کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران 2 ملین ڈالر سے زائد عطیات جمع کیے گئے، جو فلسطینی امدادی و فلاحی تنظیموں کو فراہم کیے جائیں گے۔
تقریب کی سب سے جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب معروف برطانوی اداکار بینڈکٹ کمبربیچ نے فلسطینی مزاحمتی شاعر محمود درویش کی مشہور نظم "On This Land There Are Reasons to Live” نہایت درد بھرے انداز میں پیش کی۔ ان کے پڑھنے کے دوران ہال میں سناٹا چھا گیا اور کئی حاضرین اشکبار ہو گئے۔
انہوں نے نظم کے یہ بول پڑھے:
"اس سرزمین پر جینے کی وجوہات ہیں،
یہ زمین، زمینوں کی سردار،
یہ فلسطین کہلائی اور ہمیشہ فلسطین کہلائے گی،
میری زمین، میری محبوبہ، تو جینے کی وجہ ہے۔”
کنسرٹ میں 69 فنکاروں، مقررین اور کارکنان نے شرکت کی، جن کا مقصد فلسطینی سول سوسائٹی کے ساتھ یکجہتی اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے خلاف عالمی آواز بلند کرنا تھا۔
تقریب میں رض احمد، بلی آئلش، کلین مرفی، اور جاویئر بارڈم جیسے بین الاقوامی ستاروں نے اپنی موجودگی یا ویڈیو پیغامات کے ذریعے فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ بلی آئلش، سیلین مرفی اور واخین فینکس نے اپنے پیغام میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
اسٹیج پر عالمی شہرت یافتہ فلسطینی فنکاروں سما عبد الہادی، سینٹ لیوانٹ اور ایلیانا کی پرفارمنسز نے سامعین کے دل جیت لیے، جبکہ مقررین میں اداکار فلورنس پیو، نکولا کاگلن، مہدی حسن، ایرک کانٹونا اور اقوامِ متحدہ کی خصوصی ایلچی فرانچیسکا البانیز شامل تھے۔
مقررین نے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر عالمی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
یہ تقریب فلسطینی عوام کے لیے نہ صرف مالی مدد کا ذریعہ بنی بلکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کا بھی ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوئی۔






