اہم خبریںکرکٹکھیل

ایشیا کپ میں پی سی بی کا مطالبہ تسلیم، یو اے ای سے میچ کیلئے قومی ٹیم اسٹیڈیم روانہ

دبئی: ایشیا کپ کے دوران پاک بھارت میچ میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے متنازع فیصلوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ان کی برطرفی کا مطالبہ آخر کار تسلیم کرلیا گیا۔ ان کی جگہ رچی رچرڈسن کو میچ ریفری مقرر کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پی سی بی نے آئی سی سی کو دو بار باضابطہ طور پر خط لکھ کر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ اگر اینڈی پائی کرافٹ کو ریفری کے فرائض سے نہ ہٹایا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے بقیہ میچز کا بائیکاٹ کرے گا۔

اس صورتحال کے پیش نظر آئی سی سی نے ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں پی سی بی اور آئی سی سی کے اعلیٰ حکام کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے۔ ڈیڈلاک کے بعد آئی سی سی نے پاکستان کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر ہٹا کر رچی رچرڈسن کو نیا میچ ریفری مقرر کر دیا۔

پی سی بی کی ہدایت پر قومی ٹیم ہوٹل میں ہی رکی رہی اور اسٹیڈیم نہ گئی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس حساس موقع پر سابق چیئرمینز رمیز راجہ اور نجم سیٹھی سے بھی مشاورت کی۔ اس دوران آئی سی سی نے میچ کے آغاز کا وقت ایک گھنٹے کے لیے مؤخر کر دیا۔

پی سی بی کی جانب سے حتمی فیصلے سے آگاہ کیے جانے کے بعد، آئی سی سی نے نئے میچ ریفری کا اعلان کیا جس پر پی سی بی نے ٹیم کو اسٹیڈیم جانے کی اجازت دے دی۔ بعد ازاں، قومی کرکٹ ٹیم دبئی کے ہوٹل سے اسٹیڈیم روانہ ہوگئی۔

یہ پیش رفت نہ صرف ایشیا کپ میں پاکستان کے مؤقف کی کامیابی ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پی سی بی کے مؤقف کی سنجیدگی کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button