برمنگھم: برطانیہ میں انسانی اسمگلنگ میں سہولت کاری کے شبہے میں ایک 29 سالہ بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران برمنگھم کے علاقے ہینڈز ورتھ میں چھاپہ مارا اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ملزم پر غیر قانونی امیگریشن میں سہولت کاری کا الزام ہے اور وہ اس وقت تفتیشی افسران کی حراست میں ہے۔ این سی اے اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے افسران اس سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں تاکہ مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔
چھاپے کے دوران کئی الیکٹرانک آلات بھی ضبط کیے گئے ہیں، جن کا فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ نیٹ ورک اور اس سے جڑے افراد کے بارے میں مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔
برطانوی حکام نے بتایا کہ ملزم کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ ایک منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک سے تعلق رکھتا ہے، جو غیر قانونی طور پر افراد کو برطانیہ منتقل کرتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری برطانوی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اس قومی مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے غیر قانونی ہجرت کو فروغ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔





