اہم خبریںکرکٹکھیل

ایشیا کپ 2025: آئی سی سی نے پاکستان کے مطالبے پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹا دیا

اسلام آباد: ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے مطالبے پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو باقی میچز سے ہٹا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کے دوران اینڈی پائی کرافٹ کا رویہ جانبدارانہ تھا۔ خاص طور پر ٹاس کے وقت انہوں نے پاکستان کے کپتان آغا سلمان کو روایتی مصافحہ (ہینڈ شیک) سے روک دیا، جو کھیل کی روح اور روایات کے منافی سمجھا گیا۔

پی سی بی نے نہ صرف اس رویے پر تحفظات کا اظہار کیا بلکہ باقاعدہ طور پر آئی سی سی سے مطالبہ کیا کہ پائی کرافٹ کو فوری طور پر ایشیا کپ کے ریفری پینل سے ہٹایا جائے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان نے واضح کیا تھا کہ اگر اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹایا نہ گیا تو وہ ایشیا کپ کے باقی میچز کا بائیکاٹ کر سکتا ہے۔

معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلیٰ حکومتی حکام سے بھی مشاورت کی اور ایک جامع حکمتِ عملی تیار کی گئی، جس کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا۔

ہینڈ شیک تنازعہ کیا تھا؟

اتوار کو پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے کپتان آغا سلمان سے کہا کہ "شیک ہینڈ نہیں ہو گا”، جبکہ میچ سے قبل پاکستان کے میڈیا منیجر سے بھی یہ کہا کہ "یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔” اس پر پی سی بی منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے سخت احتجاج کیا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اینڈریو رسل نے بتایا کہ انہیں بھارتی کرکٹ بورڈ اور بالآخر بھارتی حکومت سے اس حوالے سے ہدایات موصول ہوئی تھیں، جس نے اس معاملے کو مزید سنگین بنا دیا۔

ردِ عمل اور اہمیت

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پی سی بی کے لیے ایک سفارتی اور کرکٹنگ کامیابی سمجھی جا رہی ہے کہ آئی سی سی نے ان کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے فوری طور پر ایکشن لیا۔ یہ فیصلہ نہ صرف پاکستان کے لیے اعتماد کا باعث ہے بلکہ ایشیا کپ میں غیر جانبداری کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی ایک اہم مثال بھی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button