اسلام آباد: مہنگائی سے متاثرہ عوام کے لیے ایک اہم ریلیف اقدام کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاکہ ملک میں چینی کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے اور قیمتوں میں استحکام رہے۔
ذرائع کے مطابق یہ درآمد حکومتی سطح پر کی جائے گی اور اس کا مقصد چینی کی قیمتوں کو کسی بھی قسم کے اضافے سے محفوظ رکھنا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمت میں اضافے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور مہنگی چینی فروخت کرنے یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکومت کے اس بروقت فیصلے کو معاشی ماہرین نے عوامی مفاد میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے، جو نہ صرف اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنائے گا بلکہ مصنوعی مہنگائی پر بھی قابو پانے میں مدد دے گا۔






