لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ ریفری پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کیے جانے کی صورت میں ایشیا کپ کے باقی میچز کا بائیکاٹ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باقاعدہ طور پر شکایت درج کراتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ میچ ریفری پائی کرافٹ اور ایونٹ ڈائریکٹر اینڈریو پارسل کو فوری طور پر ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔ بورڈ کا مؤقف ہے کہ ان دونوں عہدیداروں نے "اسپرٹ آف دی کرکٹ” کی خلاف ورزی کی ہے۔
پی سی بی نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں بھارتی کھلاڑیوں نے دانستہ طور پر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا، جبکہ میچ ریفری نے کپتانوں کو بھی ہاتھ ملانے سے روکا، جو کہ کھیل کی روح اور روایات کے منافی عمل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر آئی سی سی نے پی سی بی کے مطالبے پر عمل نہ کیا تو پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے باقی میچز میں شرکت نہیں کرے گی۔
اس معاملے پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) بھی متحرک ہو گئی ہے اور بھارتی ٹیم کے غیر پیشہ ورانہ رویے پر سخت ایکشن لینے پر غور کیا جا رہا ہے۔






