پشاور (نمائندہ خصوصی) — خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی مفلوج ہو گئے۔ بارش کے بعد شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
بی آر ٹی سروس عارضی طور پر بند
بارش کے باعث فیڈر روٹس پر پانی کھڑا ہو گیا، جس پر بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔
ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق:
"مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر بی آر ٹی سروس بند کی گئی ہے، جو اگلی اطلاع تک معطل رہے گی۔ صورتحال بہتر ہونے پر بحالی کا اعلان کیا جائے گا۔”
شہریوں کو مشکلات، گھروں میں پانی داخل
شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ مختلف سڑکوں پر گاڑیاں پھنس گئیں اور کئی علاقوں میں گھنٹوں طویل ٹریفک جام کی صورتحال رہی۔
مزید بارش کا امکان، الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔






