مسلم لیگ ن کےصدر اورسابق وزیراعظم نوازشریف لاہور سے لندن کیلئے روانہ
لاہور؛ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، وہ ایک غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہوئے، جہاں ان کا قیام تقریباً دو ہفتوں تک متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف لندن میں قیام کے دوران اپنا معمول کا طبی معائنہ بھی کروائیں گے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل انہوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں بھی اپنا طبی معائنہ کروایا تھا، جہاں انہیں پٹھوں میں درد کی شکایت کے باعث چیک اپ کرایا گیا تھا۔
نواز شریف اس سے قبل بھی رواں سال جون 2025 میں لندن کا دورہ کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے طبی معائنے سمیت مختلف خاندانی اور سیاسی مصروفیات میں حصہ لیا تھا۔
نواز شریف کے اس حالیہ دورۂ لندن کو ذاتی اور طبی نوعیت کا قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پارٹی ذرائع اس پر کسی قسم کی سیاسی سرگرمی یا ملاقاتوں کی تصدیق نہیں کر رہے۔






