لاہور (نمائندہ خصوصی) — سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کے قافلے کی ایک گاڑی موٹروے پر کالا شاہ کاکو کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، جسٹس عائشہ اے ملک اسلام آباد سے لاہور واپس آ رہی تھیں کہ ان کے اسکواڈ میں شامل ایک گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور گاڑی کا توازن برقرار نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
حادثے میں ایلیٹ فورس کے پانچ اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے عمر، عبداللہ اور مبشر کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ دیگر دو اہلکاروں کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
خوش قسمتی سے جسٹس عائشہ اے ملک حادثے میں محفوظ رہیں۔ پولیس نے انہیں مکمل سیکیورٹی کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پہنچا دیا۔
واقعے کے بعد موٹروے پولیس اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ٹریفک کو بحال کیا۔
پولیس نے حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں، جب کہ سیکیورٹی اسکواڈ کے پروٹوکول اور ڈرائیونگ کے طریقہ کار پر بھی نظرثانی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔






