اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

20 سے 22 دسمبر کے دوران بارش اور برفباری کی پیش گوئی ،محکمہ موسمیات

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں کوئٹہ، زیارت، پشین اور تربت سمیت مختلف علاقوں میں بارش جبکہ بعض مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی 20 دسمبر سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 20 سے 23 دسمبر کے دوران بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ اسی طرح اسلام آباد، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں 20 اور 21 دسمبر کو بارش کا امکان ہے، جس کے باعث سرد موسم مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

دوسری جانب پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے صوابی تک، ایم فور شیرشاہ سے صوابی تک اور این فائیو شیرشاہ سے روہڑی تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں، جبکہ قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

موٹروے پولیس نے بتایا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر موٹرویز بند کی گئی ہیں اور عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز، محتاط ڈرائیونگ اور فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر ملک کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویش ناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ عالمی ماحولیاتی تنظیم کے مطابق پشاور میں ائر کوالٹی انڈیکس 720 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد پشاور کو ملک کا سب سے آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔ ملتان میں اے کیو آئی 414، گجرات میں 276 جبکہ لاہور میں 252 ریکارڈ ہونے پر اسے دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

ماہرین نے موسم کی تبدیلی، شدید دھند اور فضائی آلودگی کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button