اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ
برطانیہ کا پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک ارب روپے سے زائد امداد کا اعلان
اسلام آباد: برطانیہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب اور مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے لیے 30 لاکھ پاؤنڈ (تقریباً ایک ارب روپے) کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے جمعرات کو ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے متاثرہ علاقوں کے ساتھ برطانیہ کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر برطانوی حکومت کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مزید معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے بروقت امداد اور یکجہتی پر برطانیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام متاثرہ عوام کے لیے بڑی سہولت اور حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، اعلیٰ سطح کے روابط کی اہمیت اور خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔






