اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

سابق حکومتوں کی ناقص پالیسیوں نے ملک کو قرضوں میں دھکیلا، خیبرپختونخوا کے مالی اکاؤنٹ میں 60 ارب کا اضافہ: علی امین گنڈاپور

پشاور (نمائندہ خصوصی)
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان کھربوں روپے کے قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، جس کی بنیادی وجہ سابق حکومتوں کی ناقص پالیسیاں اور "پہلے سیاست، بعد میں ریاست” کا خطرناک رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی مفادات کو ترجیح دی جاتی تو آج ملک کو معاشی بحران کا سامنا نہ ہوتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو صوبے کی مالی حالت نہایت ابتر تھی اور حکومت کے پاس صرف 18 دن کی تنخواہوں کے اخراجات کے پیسے موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے قومی خزانہ لوٹا اور ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا، جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان کی حکومت نے دن رات محنت کر کے صوبے کے مالی اکاؤنٹ کو مستحکم بنانے کی کوششیں کیں، جس کے نتیجے میں صوبے کے اکاؤنٹ کو 30 ارب روپے سے بڑھا کر 90 ارب روپے تک پہنچا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مشکل ترین حالات کے باوجود مالی نظم و ضبط برقرار رکھا، جو ان کی انتظامی صلاحیت اور عوامی مفاد کے لیے خلوص نیت کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے اور صوبے کی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر کھڑا کیا جائے تاکہ آنے والے وقت میں پاکستان قرضوں کے بوجھ سے نجات حاصل کر کے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button