اہم خبریںتازہ ترینکرکٹکھیل

شاہد آفریدی کا ماحولیاتی مسائل پر اظہارِ تشویش: "کالاباغ ڈیم بھاڑ میں جائے، ہمیں چھوٹے ڈیمز چاہئیں”

اسلام آباد — پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف سماجی رہنما شاہد خان آفریدی نے ملک میں جاری موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی چیلنجز پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے آئندہ کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس فیصلے کرنا ہوں گے۔

شاہد آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ "ہمیں اپنی نسلوں کا سوچنا ہوگا، اس طرح مزید نہیں چلے گا۔ درخت کاٹ دیے گئے، پہاڑ کاٹ دیے گئے، ہم آخر کیا کر رہے ہیں؟” انہوں نے واضح کیا کہ ملک کو اب سنجیدگی سے ڈیمز کی ضرورت ہے، لیکن بڑے منصوبوں کی جگہ چھوٹے اور قابلِ عمل ڈیمز بنانے پر توجہ دی جانی چاہیے۔

کالاباغ ڈیم کے حوالے سے انہوں نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا، "کالاباغ ڈیم بھاڑ میں جائے، ہمیں چھوٹے ڈیمز چاہئیں جو حقیقت میں ملک کی ضرورت کو پورا کریں۔”

حالیہ سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے آفریدی نے انکشاف کیا کہ خیبرپختونخوا کے علاقوں بونیر، صوابی اور باجوڑ سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق صوابی میں ریسکیو آپریشن مکمل ہو چکا ہے، لیکن متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کا عمل ابھی باقی ہے۔

انہوں نے کہا، "کافی لوگوں کی آنکھوں میں آنسو خشک ہو چکے تھے، لیکن اگلی بار اس سے بھی زیادہ خطرناک صورتحال ہو سکتی ہے۔ ہمیں کسی بڑے حادثے کا انتظار کیے بغیر فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔ ہم کب ملک کے لیے سنجیدہ فیصلے کریں گے؟”

شاہد آفریدی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان شدید موسمیاتی تبدیلیوں، بارشوں اور سیلابوں کا سامنا کر رہا ہے، اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button