کس نے کہا کہ میری امریکا میں پراپرٹی شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ سے خریدی گئی؟ علیمہ خان
راولپنڈی کے داہگل ناکے پر اپنی بہن نورین نیازی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے سخت الفاظ میں اس الزام کی تردید کی کہ ان کی امریکا میں کوئی پراپرٹی شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ سے خریدی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پراپرٹی ان کے حق حلال کمائے گئے پیسوں سے خریدی گئی ہے اور ان کا ٹیکسٹائل کا کاروبار ہے جہاں وہ ایکسپورٹر ہیں۔
علیمہ خان نے صحافیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غیر متعلقہ سوالات کر کے وہ ٹیکسٹائل کے کاروبار کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور ایکسپورٹرز پر بلاجواز الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صحافیوں کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ سامنے لائیں۔
انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں پر ہونے والے تشدد کی بھی مذمت کی اور کہا کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے تاکہ اشتعال پیدا کیا جائے۔ علیمہ خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹوں کو بھی یہاں آنے سے روک دیا کیونکہ وہ جانتی تھیں کہ ان پر بھی دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات بن سکتے ہیں۔
علیمہ خان نے بتایا کہ چند افراد جان بوجھ کر بدتمیزی کر رہے تھے اور یہ سب منصوبہ بندی کے تحت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو مارنا یا لڑائی جھگڑا کرنا درست نہیں تھا۔
ایک اہم سوال اٹھاتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اگر میں نے خود پر انڈے پھینکوا دیے تو پولیس نے ان دو خواتین کو کیوں بچا کر لے گئی؟ انہوں نے کہا کہ چاہے انڈے پھینکے جائیں یا کوئی اور تذلیل ہو، انہیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں۔






