اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

عہدے داروں کو ہٹایا جارہا ہے، ایسے میں بات چیت کیسے ہو؟ بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (رپورٹ: نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جب ہمارے عہدیداران کو ہٹایا جارہا ہے اور ارکان کو نااہل کیا جارہا ہے، تو ایسے میں مذاکرات کیسے ممکن ہیں؟

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے دفاع میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور حالیہ جنگ جیت کر ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہر عہدے اور مدت کا تعین آئین کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پی ٹی آئی نے حالیہ قانون سازی کو نہ تو چیلنج کیا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی ارادہ رکھتی ہے۔ 2030 تک کی منصوبہ بندی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ "پلان تو سب کرتے ہیں، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے”۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک میں سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست اور صوبائیت سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں تعاون کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور وہ پیر سے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ شروع کریں گے، بونیر میں متاثرین کے ساتھ موجود ہوں گے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی نااہلی کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے اپوزیشن لیڈرز کو عہدوں سے ہٹایا جارہا ہے، قائمہ کمیٹیوں سے نکالا جا رہا ہے، ایسی صورتحال میں بات چیت کا عمل کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button