امریکا کے معروف ماحولیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 2050 تک پاکستان شدید ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرے گا۔
پروگرام کیپیٹل ٹاک میں ڈاکٹر ارم ستار نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان میں سیلاب اور خشک سالی دونوں کے واقعات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیاں صحت اور خوراک کے معیار پر بھی سنگین اثرات ڈالیں گی اور معاشرتی اور اقتصادی شعبوں میں مسائل پیدا ہوں گے۔
بوسٹن یونیورسٹی کے ڈاکٹر عادل نجم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو تقریریں یا انتباہات نہیں روک سکتے، یہ خود اپنا اثر ڈالے گا اور ہر شہری متاثر ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان خطے میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ اس سال جون تا ستمبر 2025 کے سیلاب نے ملک کی معیشت کو 822 ارب روپے سے زائد نقصان پہنچایا تھا۔






