مری – ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مری کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور طلبہ سے خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوان نسل کو درپیش چیلنجز، قومی سلامتی اور حب الوطنی سے متعلق امور پر روشنی ڈالی۔
نشست میں آرمی پبلک اسکول، کونوینٹ جیسس اینڈ میری، اور پریزنٹیشن کونوینٹ کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ طلبہ نے ایسی معلوماتی نشست کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ:
"وطن دشمن عناصر جتنی بھی کوشش کر لیں، وہ نوجوان نسل کو اپنی افواج سے دور نہیں کر سکتے۔”
"پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں” – طلبہ کا پیغام
طلبہ کا کہنا تھا کہ وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور ہر اُس میلی آنکھ کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنیں گے جو وطن عزیز کو نقصان پہنچانا چاہے۔ ان کا کہنا تھا:
"پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں۔ وطن کی سالمیت اور بقا کے لیے ہم سب ایک ہیں۔”
پاکستان زندہ باد کے نعرے گونج اٹھے
نشست کے اختتام پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبہ کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر "پاکستان زندہ باد” کا فلک شگاف نعرہ بھی لگایا، جس سے ہال میں جوش و ولولے کی فضا پیدا ہو گئی۔
قوم کا فخر – باہوش، باخبر نوجوان نسل
ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ دورہ نہ صرف طلبہ کے لیے حوصلہ افزا اور تعمیری ثابت ہوا، بلکہ اس سے یہ بھی واضح ہوا کہ پاکستانی نوجوان نسل اپنی افواج سے گہری وابستگی رکھتی ہے اور ملک و ملت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔






