اہم خبریںتازہ تریندنیا

وزیراعظم شہباز شریف کی آج بیجنگ میں چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں، پاک چین اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز متوقع

بیجنگ (نمائندہ خصوصی) – وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف آج اپنے دورۂ چین کے دوران بیجنگ میں چینی وزیراعظم لی چیانگ سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ دونوں رہنما دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی غور کریں گے۔

وزیراعظم کی ملاقاتوں کا یہ سلسلہ پاک چین دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی چینی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و انڈسٹری لی لیچنگ سے بھی ملاقات طے ہے، جس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی اور مشترکہ منصوبہ بندی کے حوالے سے ممکنہ تعاون پر گفتگو ہوگی۔

وزیراعظم آج بیجنگ میں منعقد ہونے والی پاک چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کی صدارت بھی کریں گے۔ اس کانفرنس میں جون 2024 میں شینزین میں ہونے والے پہلے ایڈیشن کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا، اور مستقبل کے لیے مشترکہ کاروباری و سرمایہ کاری منصوبوں پر لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اس دورے کو پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ نہ صرف موجودہ اقتصادی صورتحال میں بہتری کے امکانات پیدا کرے گا بلکہ CPEC فیز 2 میں نئی توانائی بھی بھردے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button