لاہور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں ممکنہ سیلابی خطرات کے پیشِ نظر عوام سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی پرزور اپیل کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ یا خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے رہائشی ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ کسی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ "عوام کی جانوں کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ شہری انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور امدادی ٹیموں کو پوری طرح متحرک کر دیا گیا ہے اور تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔”
مریم نواز نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں گھروں، فصلوں اور مویشیوں کو ہونے والے نقصانات کا شفاف تخمینہ لگایا جا رہا ہے، اور متاثرین کو ان کا حق ہر صورت پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور اپنے بچوں کی زندگیوں کو ترجیح دیں، اور بلا تاخیر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔ "مشکل کی اس گھڑی میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی،” ان کا کہنا تھا۔
ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کریں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں تاکہ عوام کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے عمل کو موثر بنایا جا سکے۔






