اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا قومی اسمبلی کی چار قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ

اسلام آباد – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی کی چار اہم قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے استعفے اسپیکر آفس میں جمع کرا دیے ہیں۔

بیرسٹر گوہر قانون و انصاف، انسانی حقوق، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے رکن تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا:

"میں چار کمیٹیوں میں تھا، استعفیٰ دے دیا ہے۔ بات یہاں تک پہنچ گئی ہے، آگے دیکھتے ہیں کیسے چلتے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مسلسل سسٹم کا حصہ بننے کی کوشش کی، مگر صورتحال بہتر نہ ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا:

"ہم 180 نشستیں جیت چکے تھے، خیبر پختونخوا میں دو تہائی اکثریت حاصل تھی، پنجاب میں بھی اکثریت تھی، ہمارے لوگوں کو شہید کیا گیا، پھر بھی ہم نے بات چیت پر زور دیا۔ بانی پی ٹی آئی کو ناحق سزا دی گئی، جیل میں رکھا گیا، لیکن انہوں نے ہمیشہ آگے بڑھنے کی بات کی۔”

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ:

"آج بھی کچھ نہیں ہو رہا، کہیں کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ سیاست کا یہی حصہ ہے، ہم نے اپنے استعفے دے دیے ہیں۔”

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی مسلسل اسٹیبلشمنٹ اور موجودہ حکومت کے ساتھ سیاسی کشیدگی کے بیچ کسی مفاہمت کی راہ تلاش کرنے کی کوششوں کا عندیہ دیتی رہی ہے، مگر پارٹی قیادت کے مطابق انہیں مثبت ردعمل نہیں ملا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button