اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

وزیراعظم شہباز شریف کا آج سیلاب متاثرہ علاقوں نارووال اور سیالکوٹ کا دورہ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج پنجاب کے سیلاب سے شدید متاثرہ اضلاع نارووال اور سیالکوٹ کا دورہ کریں گے، جہاں انہیں امدادی کارروائیوں، متاثرین کی حالت اور بحالی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیئرمین این ڈی ایم اے، وفاقی وزرا خواجہ آصف اور احسن اقبال بھی ہوں گے۔ وزیراعظم کا یہ دورہ اس وقت کیا جا رہا ہے جب حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال نے ہزاروں افراد کو متاثر کیا ہے۔

وزیراعظم کو دورے کے دوران سب سے پہلے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کروایا جائے گا، جس کے بعد وہ زمینی صورتحال کا خود جائزہ لیں گے اور سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس موقع پر ریسکیو و امدادی ادارے اور متعلقہ حکام انہیں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بے گھر افراد کی عارضی رہائش، طبی امداد، خوراک، صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات سے متعلق جاری کاموں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید برآں، وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اپنا پہلے سے طے شدہ گلگت کا دورہ منسوخ کر دیا ہے، تاکہ وہ سیلاب زدہ علاقوں میں فوری موجودگی کے ذریعے ریلیف سرگرمیوں کی براہ راست نگرانی کر سکیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button