امریکی کوسٹ گارڈ نے بحرِ اوقیانوس میں روسی پرچم والا ایک آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا، جس پر روس نے شدید ردِعمل دیا ہے۔ اس معاملے پر برطانوی وزارتِ دفاع کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔
برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق روسی پرچم والے آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کے مشن میں برطانیہ نے امریکا کی معاونت کی۔ وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ امریکا کی درخواست پر یہ معاونت بین الاقوامی قانون کے تحت فراہم کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے دفاعی تعلقات دنیا میں سب سے زیادہ گہرے اور مضبوط ہیں، اور دونوں ممالک عالمی سلامتی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب روس نے امریکی اقدام کو بحری قزاقی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر بین الاقوامی پانیوں میں موجود تھا اور اس پر موجود روسی عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، جب کہ عملے کی بحفاظت روس واپسی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔






