اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ ہجری سال 1447 کو نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی 1500 ویں ولادتِ باسعادت کے طور پر منایا جائے گا۔ اس مبارک موقع پر یکم تا 12 ربیع الاول ملک بھر میں "عشرہ رحمت للعالمین ﷺ” بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔
وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کا سب سے نمایاں اور مرکزی پروگرام اسلام آباد میں منعقد ہونے والی 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس ہوگی۔ اس کانفرنس میں عالمی اسکالرز، علمائے کرام، حکومتی نمائندے، سفارت کار اور مختلف ممالک سے معزز مہمان شرکت کریں گے۔
اس سال کانفرنس کا موضوع ہوگا:
"سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں”
وفاقی وزیر کے مطابق عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے دوران ملک بھر میں متعدد تقریبات، محافل، سیمینارز اور مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ ان میں شامل ہیں:
صوبائی سطح پر سیرت کانفرنسیں
تعلیمی اداروں میں تقریری و نعتیہ مقابلے
قرآن و سیرت نمائش
قومی محفلِ نعت (11 ربیع الاول کی شب)
قومی مقابلہ کتبِ سیرت، نعت اور مقالات
ان تقریبات کا مقصد نوجوان نسل کو سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں کردار سازی، رواداری، امن و محبت، اور جدید ٹیکنالوجی کے تعمیری استعمال کی جانب راغب کرنا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے تمام صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی سطح پر تقریبات کا انعقاد یقینی بنائیں اور ان کی رپورٹس و تصاویر وفاقی وزارت کو ارسال کریں تاکہ ایک جامع قومی رپورٹ مرتب کی جا سکے۔
سردار محمد یوسف نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا کردار سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو عوام تک پہنچانے میں کلیدی ہے، لہٰذا ان تقریبات کی بھرپور کوریج کی جائے۔
آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے دوران نہ صرف مذہبی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں بلکہ غریبوں، ناداروں اور متاثرہ افراد کی مدد کر کے سنتِ نبوی ﷺ پر عمل کریں۔






