لندن/اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے عمران خان کے خاندان کے افراد کے خلاف کارروائیوں پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریاست سیاسی انتقام کے لیے خاندان کے افراد اور بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے، جو قابلِ مذمت ہے۔
اپنے ایک حالیہ ٹوئٹ میں جمائما نے انکشاف کیا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہریز اور شیرشاہ کو چند روز قبل ان کے گھروں سے بچوں کے سامنے اغوا کر کے جیل میں بند کر دیا گیا۔
جمائما کے مطابق، ان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کے ایک اور کزن حسان نیازی کو گزشتہ ایک سال سے فوجی جیل میں قید رکھا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے ان کے بیٹوں کو بھی دھمکیاں دی گئی ہیں کہ اگر وہ پاکستان آئے اور اپنے والد (عمران خان) سے ملاقات کی کوشش کی تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
جمائما نے واضح کیا:
"کسی بھی ریاست کو یہ اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ سیاسی انتقام کے لیے خاندانوں، بچوں یا رشتہ داروں کو نشانہ بنائے۔”
جمائما کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل اور بحث کو جنم دیا ہے۔ متعدد صارفین نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر اخلاقی اور غیر جمہوری قرار دیا، جبکہ حکومتی سطح پر تاحال کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔






