کراچی (نیوز ڈیسک) — پاکستان میں ماہ ربیع الاول 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج بروز اتوار کراچی میں منعقد ہوگا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی، صاحبزادہ سید ابوالخبیر آزاد کریں گے، جبکہ اجلاس محکمہ موسمیات کے مرکزی دفتر، کراچی میں منعقد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں کراچی کے مقامی اراکین کے ساتھ ساتھ وزارت مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شرکت کریں گے تاکہ چاند کی رویت کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔
اجلاس کے بعد چاند کی رویت یا عدم رویت کا حتمی اعلان مرکزی کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔
کمیٹی نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو چاند نظر آئے تو وہ فوری طور پر قریبی ضلعی یا مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے رابطہ کریں تاکہ شہادتیں بروقت موصول ہو سکیں اور فیصلہ شرعی اصولوں کے مطابق کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں پہلے ہی ربیع الاول کا چاند نظر آ چکا ہے اور وہاں 24 اگست بروز ہفتہ یکم ربیع الاول منائی جا رہی ہے۔ پاکستان میں چاند کی رویت کی صورت میں یکم ربیع الاول اتوار 25 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔






