شانگلہ (نمائندہ خصوصی) — وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ انجینئر امیر مقام نے شانگلہ اور بونیر کے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات اور متاثرہ عوام کو درپیش مشکلات کا خود جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل یکجہتی اور تعاون کا یقین دلایا۔
وفاقی وزیر نے تحصیل مخوزی میں یونین کونسل موسیٰ خیل، کوز پاؤ اور ڈیر سر کا معائنہ کیا، جو حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے شانگلہ (پورن) اور بونیر کو ملانے والے اہم چوگا پل کا بھی دورہ کیا، جو آمد و رفت کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور حالیہ بارشوں میں شدید متاثر ہوا ہے۔
امیر مقام نے موقع پر موجود ضلعی انتظامیہ، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ:
"متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو فوری تیز کیا جائے اور متاثرہ پل کی مرمت کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، تاکہ دونوں اضلاع کے درمیان رابطہ بحال ہو سکے۔”
انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"ہم آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی حکومت کو آپ کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ جلد از جلد متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی بحال کیے جائیں گے۔”
عوام کا مثبت ردعمل
متاثرہ افراد نے وفاقی وزیر کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی نمائندوں کی زمینی سطح پر موجودگی ان کے حوصلے کا باعث بنی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نہ صرف فوری امداد فراہم کی جائے گی بلکہ مستقل بحالی کے اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔






