پاکستان نے بھارت کے 6 جہاز گرائے، ناقابلِ تردید شواہد موجود: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ پاک بھارت حالیہ جنگ کے دوران پاکستان نے دشمن کے 6 جنگی طیارے مار گرائے، جن کی ویڈیوز بطور ثبوت محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستان کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے غیبی مدد حاصل رہی، جبکہ ملکی خفیہ ادارے بھارت کی منصوبہ بندی سے پہلے ہی آگاہ ہو جاتے تھے۔
لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ نہ صرف اس جنگ کے کئی مناظر کے عینی شاہد ہیں بلکہ بعض کارروائیوں میں براہِ راست شریک بھی رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے نور خان ایئربیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے 7 میزائل داغے، لیکن اللہ کے فضل سے تمام میزائل ہدف سے پہلے یا اس کے آس پاس گرے، جس کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ جواباً پاکستان نے بھارت کے 36 اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ نے بھارتی ایئر فورس کے 6 طیارے تباہ کیے، اور اس حوالے سے تمام شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنگ کے دوران سعودی عرب کا ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان آیا، جو اس سے قبل بھارت کا بھی دورہ کر چکا تھا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس جنگ کے پیچھے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بجائے وزیر داخلہ امیت شاہ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کا کردار نمایاں تھا۔
انہوں نے زور دیا کہ جنگ کے دوران پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مکمل یکجہتی کے ساتھ ایک پیج پر تھیں، اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔
محسن نقوی نے بھارت پر بلوچستان میں دہشت گردی کی کھلی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس سازش کو ہر بین الاقوامی فورم پر بے نقاب کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا، اور کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت دلانے تک ان کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رہے گی۔
آخر میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اس کامیابی کا کریڈٹ پاکستان کی بہادر مسلح افواج، فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور ان تمام محب وطن افراد کو جاتا ہے جنہوں نے دباؤ کے باوجود قوم کی قیادت کا حق ادا کیا۔






