لاہور (نیوز رپورٹر):
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سیاسی تبدیلیوں کو ملکی معیشت پر منفی اثر نہیں ڈالنا چاہیے، کیونکہ معاشی استحکام صرف پائیدار اور تسلسل کے حامل پالیسیوں سے ہی ممکن ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وہ بطور سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ برآمدات میں اضافہ ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ زرمبادلہ میں بہتری لائی جا سکے اور معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ انہوں نے بطور معاشی ماہر اور پالیسی ساز، "میثاقِ معیشت” کے قیام کے لیے ہمیشہ سنجیدہ کوششیں کیں، کیونکہ یہ قومی معیشت کو سیاست سے بالاتر ہو کر آگے لے جانے کا واحد راستہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت میں معیشت بہتری کی راہ پر گامزن تھی، اور اگر انہی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے تو ملک ایک بار پھر اقتصادی خوشحالی کی جانب بڑھ سکتا ہے۔
خطاب کے اختتام پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے جو کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا، اور ہمیں چاہیے کہ اپنی معاشی اور سیاسی حکمت عملیوں کو اسی نظریاتی جذبے کے ساتھ تشکیل دیں۔






