اسلام آباد: ربیع الاول 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق اہم پیش گوئی سامنے آ گئی ہے۔ سپارکو (پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیرک ریسرچ کمیشن) کے مطابق ربیع الاول کا نیا چاند 23 اگست 2025 بروز ہفتہ کو دن 11:06 بجے پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ادارے کے مطابق 24 اگست 2025 کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 32 گھنٹے اور 13 منٹ ہوگی، جو کہ رویت کے لیے نہایت موزوں مانی جا رہی ہے۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اگر موسم صاف رہا تو چاند کی رویت کے قوی امکانات موجود ہیں۔
خصوصاً ساحلی علاقوں میں چاند دیکھنے کے لیے سازگار حالات ہوں گے، جہاں غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان تقریباً 45 منٹ کا دورانیہ دستیاب ہوگا، جو چاند کی واضح رویت کے لیے کافی سمجھا جاتا ہے۔
سپارکو کے مطابق، ان مشاہدات کی روشنی میں یکم ربیع الاول 25 اگست 2025 بروز پیر ہونے کا قوی امکان ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو 12 ربیع الاول، جو کہ عید میلاد النبی ﷺ کا دن ہے، 5 ستمبر 2025 بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔
یہ فلکیاتی اندازے رویت ہلال کمیٹی کے مشاہدات کی تصدیق کے بعد حتمی قرار دیے جائیں گے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں چاند کی رویت کے امکانات بہت روشن ہیں۔






