اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

یومِ آزادی پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا قوم سے خطاب:، خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے اور تمام اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اپنے بزرگوں اور برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور عالمِ اسلام کا ایک ناقابل تسخیر قلعہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کو بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کی بہترین مثال قرار دیا۔

انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی بھاری قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے "آپریشن بنیان مرصوص” کو افواج پاکستان کی ولولے اور قربانی کی علامت قرار دیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا گیا۔

امن کی خواہش کے باوجود انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور آزادی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اگر ملک کی سالمیت کو چیلنج کیا گیا تو فوری اور سخت ردعمل دیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے کشمیر اور فلسطین کے حق میں دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینا ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کی اپیل کی۔

آخر میں، انہوں نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر قسم کے روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

یہ پیغام قوم کو جذبہ حب الوطنی سے سرشار کرنے اور ملک کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کا عزم دہرانے کا مظہر ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button