اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی فتح،قیادت کے پیغاماتِ عزم و اتحاد، معرکۂ حق معرکۂ حق کی گونج نے خوشیوں کو دوچند کر دیا

پاکستان بھر میں 78واں یومِ آزادی شاندار ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں سیاسی، عدالتی اور حکومتی قیادت نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کے دفاع، ترقی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے نئے عزم کا اظہار کیا ہے۔

رواں سال کی تقریبات کو حالیہ "معرکۂ حق” اور "آپریشن بنیان مرصوص” کی تاریخی فتح سے منسوب کیا گیا ہے، جس نے قومی جوش و خروش کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان: "یومِ آزادی اجتماعی ذمہ داریوں کی یاد دہانی ہے”
چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ آزادی صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ ایک قومی عہد کی تجدید کا موقع ہے۔
انہوں نے کہا:

"ہمیں ایسا معاشرہ بنانا ہے جہاں ہر شہری انصاف کی موجودگی کو اپنی روزمرہ زندگی میں محسوس کرے۔ آئین، عوام کی امنگوں کا ترجمان اور بنیادی حقوق کی ضمانت ہے، جس کا تحفظ تمام ریاستی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”

خالد حسین مگسی: "آپریشن بنیان مرصوص قومی سلامتی کی نئی علامت ہے”
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے قوم اور بیرون ملک پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ

"14 اگست قربانی، شکر اور قومی فخر کا دن ہے۔ ہماری مسلح افواج نے ہر محاذ پر قوم کا وقار بلند رکھا۔”

شرجیل انعام میمن: "ہماری افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں”
سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے اپنے پیغام میں کہا:

"معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ افواج پاکستان قوم کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہیں۔”

انہوں نے جمہوریت پسند قیادت، شہداء اور اداروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ

"پاکستان کی ترقی جمہوری اداروں کی مضبوطی سے جڑی ہے۔”

ضیاء الحسن لنجار: "پولیس و رینجرز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں”
صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے یومِ آزادی پر عوام سے اپیل کی کہ

"قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے سے ملک کو پرامن اور خوشحال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔”

شازیہ مری: "آج کے دن ہمیں انصاف، مساوات اور اتحاد پر اکٹھا ہونا ہے”
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے اپنے پیغام میں قائداعظمؒ، تحریکِ آزادی کے کارکنان، افواج اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا:

"معرکۂ حق کی فتح نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دوگنا کر دیا ہے۔ آج کا دن اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی خدمت کے لیے متحد ہونے کا پیغام دیتا ہے۔”

انہوں نے کشمیری عوام سے بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

علی امین گنڈاپور: "14 اگست عہد، نظریہ اور جدوجہد کا دن ہے”
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا:

"پاکستان کا قیام طویل جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہمیں اپنے اسلاف کے نظریات کی روشنی میں وطن کو ایک عظیم فلاحی ریاست میں بدلنا ہے۔”

انہوں نے "آپریشن بنیان مرصوص” کو قومی سلامتی کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے شہداء کو سلام پیش کیا۔

قوم کا عہد: دفاع، ترقی اور جمہوریت کے لیے ہر قربانی دیں گے
قوم نے آج ایک بار پھر عہد کیا ہے کہ وطنِ عزیز کی خودمختاری، انصاف، جمہوریت، اتحاد اور ترقی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
پاکستانی قیادت اور عوام نے مل کر یہ پیغام دیا ہے کہ

"ہم متحد ہیں، اور اپنے وطن کا دفاع ہر قیمت پر کریں گے۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button