راولپنڈی (13 اگست 2025): پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مضبوط ہوتے عسکری تعلقات کے اعتراف میں آذربائیجان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اعلیٰ فوجی اعزاز "پیٹریاٹک وار میڈل برائے خدمات برائے فوجی تعاون” سے نوازا۔
اعزاز کی یہ تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جہاں آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیوف نے صدر الہام علیوف کی جانب سے یہ ایوارڈ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور مشترکہ عسکری دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
کرنل جنرل ولیوف نے ’’معرکۂ حق‘‘ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کو ’’دنیا کے لیے ایک مثال‘‘ قرار دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایوارڈ کو پاکستان کی مسلح افواج کے لیے باعثِ افتخار قرار دیا اور آذربائیجان کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "یہ اعزاز پاکستان اور آذربائیجان کی دوستی کا مظہر ہے”۔
انہوں نے آرمینیا کے ساتھ آذربائیجان کے امن معاہدے کی تکمیل پر بھی کرنل جنرل ولیوف کو مبارکباد دی۔






