اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

حکومتی مذاکرات کی دعوت پر پی ٹی آئی ملاقات کی شکایت لے آتی ہے، رانا ثنا اللہ کا طنز

اسلام آباد (13 اگست 2025): وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عمران خان سے ملاقات اور حکومت سے مذاکرات دو علیحدہ معاملات ہیں، جنہیں یکساں سمجھنا درست نہیں۔

جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو واقعی ملاقات سے روکے جانے پر اعتراض ہے تو وہ توہینِ عدالت کی درخواست دوبارہ دائر کرے، محض میڈیا پر شور مچانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

"عدالتی احکامات پر مکمل عمل ہو رہا ہے”
سیاسی مشیر نے کہا کہ جیل حکام عدالتی احکامات کی روشنی میں کام کر رہے ہیں، اگر کسی مخصوص دن پولیس نے روکا ہے تو جیل سپرنٹنڈنٹ کو عدالت بلا کر سب کچھ واضح کیا جا سکتا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی اس معاملے کو جان بوجھ کر بار بار میڈیا میں اچھال رہی ہے تاکہ عوامی توجہ حاصل کی جا سکے، جبکہ قانونی راستہ اختیار کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔

"پی ٹی آئی کا اصل مسئلہ صرف ملاقات نہ ہونا رہ گیا ہے”
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر پی ٹی آئی کا صرف یہی مسئلہ رہ گیا ہے کہ وہ عمران خان سے ملاقات نہیں کر پا رہی، تو آ جائیں اسی پر مذاکرات کر لیتے ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب وزیر اعظم سنجیدہ مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں تو پی ٹی آئی ملاقات کا رونا شروع کر دیتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ سنجیدہ سیاسی عمل اور مذاکرات کے لیے یکسوئی، حقیقت پسندی اور سنجیدگی ضروری ہے، صرف بیانیے اور الزامات سے کوئی حل نہیں نکلے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button