فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا امریکا میں دوٹوک پیغام: بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا
واشنگٹن ڈی سی — فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، مگر پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ "بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں نے خطے کو ایک بڑی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا، لیکن ہم نے اپنی حکمت عملی سے بڑے تصادم کو روکا اور اپنی خودمختاری کا پُرعزم دفاع کیا۔”
اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ
فیلڈ مارشل نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں کو ملک کا "عزت و وقار کا سرچشمہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کو "برین گین” کہا اور ان کی قومی ترقی میں شراکت کو سراہا۔
بھارت کی دوغلی پالیسیاں اور RAW کی سرگرمیاں بے نقاب
فیلڈ مارشل نے بھارت کی خفیہ ایجنسی "RAW” کی بین الاقوامی دہشت گردی میں ملوث سرگرمیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل، قطر میں بھارتی نیول افسران کی گرفتاری، اور کلبھوشن یادیو جیسے واقعات نے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان نے عالمی فورمز پر بھارت کی دوغلی پالیسیوں کے خلاف کامیاب سفارتی مہم چلائی ہے۔”
کشمیر: پاکستان کی شہ رگ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے، جس پر اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” اور پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
پاک-امریکا تعلقات میں مثبت پیش رفت
فیلڈ مارشل نے بتایا کہ محض ڈیڑھ ماہ کے وقفے میں ان کا دوسرا دورہ امریکا، دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور نئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، چین، سعودی عرب اور یو اے ای کے ساتھ کئی اقتصادی و تجارتی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر کام جاری ہے، جو مستقبل میں پاکستان کی معیشت کو تقویت دیں گے۔
پاکستان دہشت گردی کے خلاف آخری فصیل
فیلڈ مارشل نے افغانستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں، بالخصوص "فتنہ الخوارج”، کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف آخری فصیل ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ "دہشت گردوں کے لیے کوئی نرمی نہیں، ان کا انجام صرف انصاف ہے۔”
سوشل میڈیا اور نوجوان نسل کی رہنمائی ضروری
فیلڈ مارشل نے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر اسے انتشار پھیلانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے قرآن پاک کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:
"اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لائے تو تحقیق کر لو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم نادانی میں کسی قوم کو نقصان پہنچا دو اور پھر پشیمان ہو جاؤ”۔






