پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم میں گزشتہ مالی سال کے دوران 16 فیصد کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق، پاکستان نے امریکا کو 5 ارب 83 کروڑ ڈالر کی برآمدات کیں، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے امریکا سے 1 ارب 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی درآمدات کیں، جس میں 40 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا۔
پاکستان نے امریکا کو بستر، میز، ٹوائلٹ اور کچن چادروں کی برآمدات کے ذریعے 1.038 ارب ڈالر کا تجارتی حجم حاصل کیا۔ مردانہ سوٹ، جیکٹ اور ٹراؤزر کی برآمدات 936 ملین ڈالر رہیں۔ امریکا کو 36 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ٹی شرٹس، 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی جرسیوں اور پل اوورز بھی برآمد کی گئیں۔
پاکستان نے امریکا سے سب سے زیادہ 39 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی روئی درآمد کی، جب کہ لوہے اور اسٹیل کے اسکریپ کی درآمدات 16 کروڑ ڈالر تک پہنچیں۔ امریکا سے سویابین، کوئلہ، کمپیوٹر مشینز اور پیٹرولیم آئل کی درآمدات بھی کی گئیں، جن کا مجموعی حجم لاکھوں ڈالر میں رہا۔
یہ تجارتی سرپلس اور اضافے کا رجحان پاکستان کی معیشت کے لئے ایک حوصلہ افزا ترقی ہے، جس سے برآمدات کے شعبے میں مزید بہتری کی توقعات ہیں۔






