پاک بھارت کشیدگی: قومی اسمبلی کا اجلاس 5 مئی کو طلب کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: خطے میں بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر حکومت نے اہم پارلیمانی پیش رفت کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 5 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے تاکہ موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا جا سکے۔
جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بیرسٹر عقیل نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ملکی سلامتی، پارلیمانی مؤقف اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران بھارت کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد لانے کی تجویز زیر غور آئی اور اس کے مسودے پر مشاورت بھی کی گئی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشاورتی اجلاس میں اپوزیشن سے رابطے بڑھانے، قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے پر زور دیا گیا۔
یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں بلایا گیا ہے جب خطے میں سیاسی اور عسکری درجہ حرارت بڑھتا جا رہا ہے، اور قومی قیادت کی جانب سے اتحاد، تدبر اور پختہ مؤقف کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔






