لاہور – صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی متحرک قیادت اور مثالی کارکردگی کے باعث نہ صرف پنجاب میں بلکہ دیگر صوبوں میں بھی پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود پر مبنی حکومتی اقدامات نے مسلم لیگ ن پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
یہ بات انہوں نے مسلم لیگ ن پنجاب کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں تمام ڈویژنل کوآرڈینیٹرز اور اہم تنظیمی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات اور متوقع بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور پارٹی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں شریک رہنماؤں نے وفاقی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی تمام اسکیمیں اور پالیسیز عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام کی بڑی تعداد پارٹی پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن جمہوریت، مکالمے اور سیاسی برداشت کی حامی ہے، اور پارٹی ہر وقت تمام سیاسی جماعتوں، بشمول پی ٹی آئی، سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔
وفاقی سطح پر بات کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دن رات ملک کا وقار بحال کرنے کے لیے کوشاں ہیں، اور موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی دنیا میں مثبت اثرات مرتب کر رہی ہے۔ انہوں نے بھارت کے خلاف حالیہ سفارتی کامیابی کو ایک "تاریخی فتح” قرار دیا، جس کی گونج عالمی سطح پر سنائی دے رہی ہے۔
آخر میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن، قائد نواز شریف کی رہنمائی میں ایک بار پھر ملک کو سیاسی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ میدان میں ہے۔






