اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

احتجاج میں کم شرکت، وجوہات پر پارٹی سطح پر مشاورت ہوگی: سلمان اکرم راجہ

راولپنڈی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے ملک گیر احتجاج سے واضح ہو گیا ہے کہ عوام آج بھی بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم بعض مقامات پر احتجاج میں کم شرکت کے اسباب جاننے کے لیے پارٹی سطح پر مشاورت کی جائے گی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس آئین اور قانون کی خلاف ورزی پر مبنی ہے، جب کہ سائفر کیس میں بھی شفاف ٹرائل کے اصولوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود اگر میڈیا، وکلا اور اہلِ خانہ کو رسائی نہیں دی جاتی، تو ایسے مقدمات کو "اوپن ٹرائل” نہیں کہا جا سکتا۔

سلمان اکرم راجہ نے مزید بتایا کہ وہ اور عوامی رہنما محمود خان اچکزئی گزشتہ رات 11 بجے تک عمران خان کی بہنوں کے ہمراہ چکری انٹرچینج پر موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر احتجاج ایک سیاسی، اخلاقی اور آئینی فرض ہے، اور کسی بھی منتخب نمائندے کو غیر حاضر رہنے کی صورت میں وضاحت دینا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کئی حوالوں سے کامیاب رہا، اور آئندہ ایسے اقدامات کو مزید منظم اور مربوط بنانے کے لیے پارٹی سطح پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

دوسری جانب، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے بھی ملک گیر احتجاج کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق، ملک بھر کے 170 اضلاع، تحصیلوں اور یونین کونسلز میں عوام کی بھرپور شرکت نے یہ واضح کر دیا ہے کہ قوم آج بھی بانی چیئرمین عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے۔

پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ ان کا احتجاجی سلسلہ آئین کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہے، جو کہ ہر سطح پر پرامن، مضبوط اور عوامی حمایت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button