اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) – نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 5 سے 10 اگست کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دریائے چناب کے مرالہ، کھنکی اور قادرآباد کے مقامات پر، جبکہ دریائے جہلم کے منگلا کے بالائی علاقوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے، جبکہ سوات اور پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان اور بلوچستان کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے علاقوں، خصوصاً دریائے ہنزہ، شگر، ہسپر، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو کے ندی نالے شدید بارشوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب اور سبی میں بھی ندی نالوں میں طغیانی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم 90 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 60 فیصد تک بھر چکا ہے، جو مزید بارشوں کی صورت میں خطرناک صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔
حفاظتی اقدامات اور ہدایات
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں اور عوام کے لیے درج ذیل ہدایات جاری کی ہیں:
شہری علاقوں، خاص طور پر شمال مشرقی و وسطی پنجاب میں نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس تیار رکھے جائیں۔
لینڈ سلائیڈنگ اور ممکنہ سیلاب کے خطرات کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
عوام ندی نالوں، پلوں، اور پانی سے ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے پرہیز کریں۔
خطرے کی صورت میں فوری طور پر مقامی حکام یا امدادی اداروں سے رابطہ کیا جائے۔






