اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی جماعت کی رہائی کے لیے آج ملک گیر یومِ احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس سے اڈیالہ جیل راولپنڈی تک ریلی نکالنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے، جس کی قیادت پارلیمینٹرینز کریں گے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کے ایف-9 پارک میں جلسے کی اجازت طلب کی گئی تھی، جو ضلعی انتظامیہ نے مسترد کر دی۔ جڑواں شہروں میں ممکنہ مظاہروں کے باعث سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جو 10 اگست تک برقرار رہے گی۔
شہریوں کو خبردار، ریڈ زون سیل کا امکان
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیرقانونی مظاہروں یا سرگرمیوں میں شرکت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کی بھاری نفری مختلف مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے، اور ذرائع کے مطابق ضرورت پڑنے پر اسلام آباد کا ریڈ زون سیل کرنے کا فیصلہ بھی زیرِ غور ہے۔
احتجاجی منصوبہ بندی میں تبدیلی
پی ٹی آئی رہنما عمیر نیازی نے میڈیا کو بتایا کہ پارٹی نے صوبہ وار احتجاجی پلان ترتیب دیے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں احتجاج ریلیز کی صورت میں ہوگا، جب کہ پنجاب میں ایم پی ایز اور ایم این ایز کو اسلام آباد بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ابتدائی احتجاجی منصوبہ تبدیل کر دیا گیا ہے تاکہ احتجاج زیادہ مؤثر انداز میں کیا جا سکے۔
انتظامیہ چوکنا، مکمل تیاری
سیاسی کشیدگی کے پیش نظر انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ تمام تر اقدامات شہریوں کی سلامتی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔






