لاڈرہل (امریکہ): پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی، یوں سیریز ایک-ایک سے برابر ہو گئی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ آغاز پاکستانی ٹیم کے لیے کچھ خاص نہیں رہا، اوپننگ جوڑی جلد پویلین لوٹ گئی۔ صائم ایوب 7، صاحبزادہ فرحان 3، محمد حارث 4 اور فخر زمان 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی اننگز کا روشن پہلو نوجوان بلے باز حسن نواز کی جارحانہ بیٹنگ تھی، جنہوں نے 40 قیمتی رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا۔ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، محمد نواز نے 2 اور حسن علی نے 8 رنز اسکور کیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر اور الزاری جوزف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک موقع پر پاکستان کو فتح کے قریب دیکھا جانے لگا، تاہم شائے ہوپ کے 21، گوداکیش موتی کے 28 اور آخر میں جیسن ہولڈر کے 10 گیندوں پر بنائے گئے 16 ناقابلِ شکست رنز نے بازی پلٹ دی۔ ویسٹ انڈیز نے آخری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، صائم ایوب نے 2 جبکہ سفیان مقیم اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اب دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آئندہ چند روز میں کھیلا جائے گا، جو سیریز کے فاتح کا تعین کرے گا۔ کرکٹ شائقین کی نظریں اس اہم اور دلچسپ مقابلے پر مرکوز ہیں۔






