اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ: 4 سے 7 اگست تک شدید موسمی حالات کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 4 سے 7 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث شہریوں کو ممکنہ طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ سے متعلق خبردار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں ان ایّام کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے، جب کہ خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں بھی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 4 سے 7 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جو بعض مقامات پر شدید بھی ہو سکتی ہیں۔ ادھر بلوچستان اور سندھ میں 6 اگست کو موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

بیان میں خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے باخبر رہنے اور متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون سیزن ستمبر کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے، اور اس دوران وقفے وقفے سے مزید بارشوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

حکام کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور بلدیاتی مشینری کو الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button