وفاقی حکومت نے پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان مہاجرین کی مرحلہ وار واپسی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پی او آر کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کی قیام کی مدت 30 جون کو ختم ہو چکی تھی، جس کے بعد انہیں 31 جولائی تک واپسی کی مہلت دی گئی۔
یکم اگست سے ان مہاجرین کی واپسی کا مرحلہ وار عمل شروع ہو چکا ہے۔ جیل انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے غیر قانونی مقیم افراد کی شناخت اور بے دخلی میں حکومت کی معاونت کریں گے۔
وزارت داخلہ کے مطابق صرف وہ افغان شہری جن پر فارنرز ایکٹ کی دفعہ 14 کے تحت مقدمات درج ہیں یا وہ سزا یافتہ ہیں، انہیں قانونی تقاضوں کے مطابق ملک بدر کیا جائے گا، جبکہ دیگر افراد کے کیسز کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ یہ عمل شفاف، منصفانہ اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔






