اسلام آباد: نجی حج آپریٹرز کی اسکیم کے تحت رواں سال حج سے محروم رہ جانے والے تقریباً 25 سے 26 ہزار عازمین کو آئندہ سال بغیر کسی اضافی رقم کے حج ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نجی حج آپریٹرز کی نمائندہ تنظیم HOAP نے وزارت مذہبی امور کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان عازمین کی جمع کروائی گئی رقم سعودی عرب میں محفوظ ہے اور انہیں دوبارہ کوئی اضافی ادائیگی نہیں کرنی پڑے گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے بھی اس بات کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔
سعودی عرب کے بینکنگ سسٹم میں "والٹ” اکاؤنٹس کے تحت تقریباً 490 ملین سعودی ریال (تقریباً 36 ارب پاکستانی روپے) نجی اسکیم کے عازمین کے لیے محفوظ رکھے گئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سال دعویٰ کیا گیا تھا کہ 67 ہزار کے حج کوٹے کا مکمل استعمال ہوا، لیکن حقیقت میں صرف تقریباً 63 ہزار عازمین نے حج کیا، جس کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی حج سے محروم رہ گئے۔ اس ناکامی کا ذمہ دار وزارت مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز کو قرار دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے بھی وزارت اور نجی حج آپریٹرز کی ناقص کارکردگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس معاملے کی سخت جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا ہے۔






