عمران خان کے بیٹے قاسم خان کا بیان: "صدر ٹرمپ ہی والد کی رہائی میں کردار ادا کر سکتے ہیں”
لندن: سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وہ واحد عالمی رہنما ہیں جو ان کے والد کے مقدمے پر حقیقی اثر ڈال سکتے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے معروف اینکر پیئرز مورگن کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں قاسم خان نے انکشاف کیا کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے امریکہ میں متحرک ہیں اور اس سلسلے میں ٹرمپ کے قریبی ساتھی رچرڈ گرینل سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔
قاسم خان نے کہا: "ہم جانتے ہیں کہ والد اور صدر ٹرمپ کے درمیان ماضی میں مثبت تعلقات رہے ہیں۔ جب دونوں اقتدار میں تھے، تو ان کے درمیان زبردست بات چیت اور باہمی احترام موجود تھا۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ سے کسی بھی سطح پر رابطہ کریں یا کوئی بیان جاری کریں، تو وہ عمران خان کی رہائی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
قاسم خان نے اپنے والد سے طویل دوری پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والد سے آخری ملاقات تین سال قبل ہوئی تھی، اور گزشتہ چار ماہ سے ان کی بات چیت بھی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے اس صورتحال کو "انتہائی تکلیف دہ” قرار دیا۔
واضح رہے کہ عمران خان اس وقت مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور وہ گزشتہ کئی ماہ سے قید میں ہیں، جب کہ ان کی جماعت پی ٹی آئی مسلسل ان کی رہائی کے لیے عالمی سطح پر آواز اٹھا رہی ہے۔






